ماہِ صیام: مسجد نبوی کی چھت پر روزانہ 90 ہزار افراد کی ادائیگیٔ نماز

170

مدینہ منورہ: مسجد نبوی میں ماہ رمضان المبارک کے دوران روزانہ 90 ہزار افراد چھت پر نماز ادا کرتے ہیں۔

سعودی ذرائع ابلاغ میں آنے والی رپورٹس کے مطابق رواں سال رمضان المبارک کے دوران مسجد نبوی کی چھت پر روزانہ 90 ہزار سے زیادہ افراد نماز ادا کرتے ہیں۔ مسجد نبوی کی چھت 67 ہزار مربع میٹر پر محیط ہے، جس کی وجہ سے نمازیوں کی بڑی تعداد وہاں عبادت کرتی ہے۔

حرم مدنی کی انتظامیہ کی جانب سے رمضان کے دوران دنیا بھر سے بڑی تعداد میں آنے والے زائرین کو مسجد نبوی میں زیادہ سے زیادہ گنجائش فراہم کرنے کے انتظامات کے تحت چھت پر نمازوں کا خصوصی انتظام ہوتا ہے۔ اس دوران مسجد نبوی کی چھت پر سحر و افطار کے بعد صفائی کا تیز انتظام کیا جاتا ہے جس کے بعد عشا اور تراویح کی نمازیں ہوتی ہیں۔

نمازیوں کے لیے مسجد نبوی کی چھت تک پہنچنے کے لیے مختلف داخلی راستوں میں 24 سیڑھیاں بنائی گئی ہیں جن میں عمر رسیدہ اور ضعیف افراد کے لیے ایسکلیٹرز بھی شامل ہیں۔ مسجد نبوی پر نماز پڑھنے والوں کے لیے 5 ہزار قالین بچھائے جاتے ہیں۔