جے آئی ٹی رپورٹ: نادرا سے 27 لاکھ پاکستانیوں کا ڈیٹا چوری ہونے کی تصدیق

610
Data theft

اسلام آباد: نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) سے شہریوں کا ڈیٹا چوری ہونے کے بڑے اسکینڈل کی تحقیقات میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) نے 27 لاکھ پاکستانیوں کا ڈیٹا چوری ہونے کی تصدیق کردی۔

تفصیلات کے مطابق نادرا سے شہریوں کا ڈیٹا 2019 سے 2023 کے دوران چوری کیا گیا، ڈیٹا ملتان سے پشاور اور پھر دبئی گیا، ڈیٹا کے ارجنٹائن اور رومانیہ میں فروخت ہونے کے شواہد بھی ملے۔

میڈیا ذرائع کے مطابق ڈیٹا لیک اسکینڈل تحقیقات کے لیے قائم جے آئی ٹی نے کام مکمل کرلیا اور رپورٹ میں 27 لاکھ پاکستانیوں کا ڈیٹا چوری ہونے کی تصدیق کی۔

مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے نادرا ڈیٹا لیک اسکینڈل پر تحقیقاتی رپورٹ مکمل کر لی اور یہ رپورٹ وزارت داخلہ میں جمع کرا دی ہے جس پر وزارت داخلہ میں غور جاری ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نادرا سے شہریوں کا ڈیٹا 2019 سے 2023 کے دوران چوری کیا گیا اور ڈیٹا لیک اسکینڈل میں ملتان، پشاور اور کراچی کے نادرا دفاتر ملوث پائے گئے۔

مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی سربراہی ایف آئی اے کے وقارالدین سید نے کی اور جے آئی ٹی میں حساس اداروں سمیت نادرا کے نامزد افسران بھی شامل تھے۔ نادرا کے متعدد اعلیٰ افسران کے خلاف کاروائی کی سفارش کردی گئی۔