یومِ پاکستان پر نئی دہلی میں تقریب، ناظم الامور نے سبز ہلالی پرچم لہرایا

282
green crescent flag

نئی دہلی: یوم پاکستان پر نئی دہلی پاکستان چانسلری میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔پاکستانی ہائی کمیشن کے مطابق تقریب میں بھارت میں پاکستانی ناظم الامور سعد احمد وڑائچ نے پرچم کشائی کی، صدر اور وزیراعظم پاکستان کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔

پاکستانی ناظم الامور سعد احمد وڑائچ نے خطاب کرتے ہوئے قائداعظم کی ولولہ انگیز قیادت کو سراہا اور کہا کہ پاکستان کی خوشحالی اور ترقی کیلئے اپنی اجتماعی کوششوں کو تیز تر کرنا ہے، پاکستان کی سب سے بڑی طاقت اس کے محنتی عوام ہیں، پاکستان مشرقی، مغربی اور وسطی ایشیا کے مابین ایک پل کا کردار ادا کرتا ہے، تجارت، روابط اور علاقائی ہم آہنگی کے مرکز کے طور پر پاکستان اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

سعد احمد وڑائچ کاکہنا تھا کہ پاکستان ایک پرامن جمہوری جدوجہد سے معرض وجود میں آیا، مساوات اور باہمی احترام پر مبنی پرامن بقائے باہمی پاکستان کی خارجہ پالیسی کے رہنما اصول ہیں، یہی اصول پاکستان کی بھارت کے ساتھ پرامن تعلقات کی خواہش کی بھی بنیاد ہیں۔

ناظم الامور  کا مزید کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور استحکام مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے ذریعے ہی ممکن ہے، ہماری امن کی خواہش ایک مضبوط اور پراعتماد قوم کی تعمیری اور مثبت سوچ کی عکاس ہے ۔