پختونخوا: سمندر پار پاکستانیوں کیلیے آن لائن ڈرائیونگ لائسنس تجدید کی سہولت

356

پشاور: خیبر پختونخوا حکومت نے بیرون ملک پاکستانیوں کے لیے اہم اقدام کرتے ہوئے بڑی خوش خبری سنا دیا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ٹریفک پولیس خیبر پختونخوا کی جانب سے سمندر پار پاکستانیوں کو ڈرائیونگ لائسنس کی آن لائن تجدید کی سہولت فراہم کردی گئی ہے، جس کے تحت ایسے سمندر پار پاکستانی جنہیں خیبر پختونخوا سے ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے تھے، وہ اس آن لائن سہولت سے مستفید ہو سکتے ہیں۔

بیرونی ممالک میں مقیم پاکستانیوں کے لیے ڈرائیونگ لائسنس کی آن لائن تجدید کی سہولت فراہم کرنے والا خیبر پختونخوا پہلا صوبہ بن گیا۔ ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کے لیے بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنے متعلقہ سفارتخانے کے توسط سے بذریعہ ای میل درخواستیں دے سکتے ہیں۔

درخواست گزاروں کی دستاویزات کے نقول کی تصدیق کے بعد تجدیدی ڈرائیونگ لائسنس کا اجرا کردیا جائےگا۔ تجدیدی ڈرائیونگ لائسنس درخواست گزار کے نامزد کردہ مقامی شخص کے حوالے کیا جائے گا۔

ٹریفک پولیس خیبر پختونخوا نے اس سلسلے میں دنیا بھر میں قائم پاکستانی سفارتی مشنز کو آگاہ کرنے کے لیے وزارت خارجہ کو مراسلہ ارسال کردیا ہے۔