تحریک انصاف کی جلسے کی اجازت کیلیے درخواست پر 2 دن میں فیصلہ کرنے کا حکم

189

اسلام آباد: عدالت نے تحریک انصاف کی جانب سے جلسے کی اجازت کے لیے دی گئی درخواست پر انتظامیہ کو 2 دن میں فیصلہ کرنے کا حکم دیا ہے۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق کے روبرو پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت ہوئی، جس میں عدالت عالیہ نے حکم دیا کہ انتظامیہ درخواست پر 2 دن میں فیصلہ کرکے عدالت میں رپورٹ جمع کروائے۔

یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف اسلام آباد کے صدر عامر مسعود مغل نے جلسے کی اجازت کے لیے درخواست دائر کررکھی ہے، جس پر شیر افضل مروت نے بطور وکیل عدالت میں پیش ہوکر دلائل دیے۔

پی ٹی آئی کی جلسے کی اجازت کے لیے درخواست میں سیکرٹری داخلہ، چیف کمشنر اور آئی جی اسلام آباد کو فریق بنایا گیا تھا۔

جلسے کی اجازت کے لیے عدالت میں دائر کی گئی درخواست میں استدعا کی گئی تھی فریقین کو 30 مارچ کو رات 10 بجے اسلام آباد میں جلسہ کرنے کی اجازت دینے کا حکم دیا جائے۔ پی ٹی آئی پریڈ گراؤنڈ ایف 9 پارک یا ڈی چوک پر جلسہ کرنا چاہتی ہے۔