کراچی میں تین جعلی پولیس افسران گرفتار

161

کراچی: سندھ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن سے تین جعلی پولیس افسران کو گرفتار کرلیا ۔

پولیس ترجمان نے انکشاف کیا کہ گرفتار افراد جن کی شناخت کامل، شیراز اور راؤ افنان کے نام سے ہوئی ہےپولیس کی یونیفارم پہن کر شہریوں کو ہراساں کر رہے تھے۔

چھاپے کے دوران پولیس اہلکاروں نے گرفتار افراد کے قبضے سے وردی، جعلی پولیس کارڈ، موبائل اور نقدی برآمد کر  لیا ۔ پولیس نے گرفتار افراد کے خلاف متعلقہ دفعات میں مقدمہ درج کر لیا۔

گزشتہ سال کراچی کے علاقے مومن آباد میں صابری چوک پر چھاپے کے دوران پولیس حکام نے پانچ افراد پر مشتمل جعلی پولیس پارٹی کو گرفتار کیا تھا۔

پولیس حکام نے میڈیا کو بتایا کہ چھاپے میں اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) کا روپ دھارنے والے ایک شخص سمیت پانچ جعلی پولیس اہلکاروں کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزمان اغوا اور بھتہ خوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے۔

پولیس نے بتایا کہ مبینہ مجرم علاقے میں بھتہ لیتے اور شہریوں سے لوٹ مار کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے ہیں۔

گرفتار افراد کی شناخت احسن فاروقی، فیضان، شہباز، کاشف اور شاہد کے نام سے ہوئی ہے۔ یہ بات سامنے آئی کہ اس گروہ میں سے ایک احسن فاروقی خود کو اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) ظاہر کر رہا ہے۔