حسن اور حسین نواز ایون فیلڈ، العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز میں بری

182

اسلام آباد: مسلم لیگ نواز کے سربراہ نواز شریف کے صحابزادے حسن اور حسین نواز ایون فیلڈ، العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز میں بری ہو گئے۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے فلیگ شپ، ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنسز میں حسن اور حسین نواز کی بریت کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے تینوں ریفرنسز میں حسن نواز اور حسین نواز  کو بری کردیا۔

سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر افضل قریشی نے عدالت کو بتایا کہ نواز شریف کے بیٹوں یا موجودہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی بریت کے خلاف کوئی اپیل دائر نہیں کی گئی۔  انہوں نے مزید کہا کہ مقدمے کے مرکزی ملزم کو پہلے بری کر دیا گیا تھا۔

درخواست گزار کے وکیل ایڈووکیٹ قاضی مصباح نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ (آئی ایچ سی) نے مریم  نواز کی بریت کی حمایت کرنے والی دستاویزات پر انحصار کرتے ہوئے نواز شریف کو بری کیا۔

قبل ازیں اسی عدالت نے نواز شریف کے بیٹوں کو اشتہاری قرار دینے اور ان کے دائمی وارنٹ گرفتاری منسوخ کرنے کے اپنے پہلے حکم کو کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں بڑا ریلیف دیا تھا۔

عدالت نے ان کی بریت کی درخواست بھی منظور کرتے ہوئے نیب کو کیسز کا تمام ریکارڈ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ حسن اور حسین کو جج کے سامنے سرنڈر کرنے پرریلیف دیا گیا۔

واضح رہے کہ دونوں بھائی 12 مارچ کو پاکستان واپس آئے تھے اسی جج نے 7 مارچ کو ان کے وارنٹ گرفتاری معطل کردیے۔