خیبرپختونخوا: خسرہ سے 3 ماہ میں جاں بحق بچوں کی تعداد 6 ہو گئی

291

پشاور: خیبرپختونخوا میں خسرہ کی وباء سے 3 ماہ میں جاں بحق ہونے والے بچوں کی تعداد 6 ہو گئی۔

محکمہ صحت کے مطابق رواں سال خسرہ سے 6 بچوں کی اموات واقع ہوئی ہیں۔ڈھائی ماہ کے دوران صوبے میں خسرہ سے ایک ہزار 236 بچے متاثر ہوئے جن کی عمریں 5 سال تک ہیں۔

خیبر پختونخوا کے توسیعی پروگرام آن امیونائزیشن (ای پی آئی) نے وبا پر قابو پانے کے لئے ایک مضبوط ویکسینیشن مہم کا آغاز کر دیا ہے۔

جنوری سے مارچ تک ای پی آئی نے صوبے کے مختلف علاقوں میں 26,725 بچوں کی کامیابی سے ویکسین کی ہے، اس سال 12 سے 24 فروری کے دوران مزید 2 لاکھ بچوں کو خسرہ سے بچائوکے ٹیکے لگوائے گئے۔

ای پی آئی نے خسرہ کے کل 3538 مشتبہ کیسز رپورٹ کئے جن میں سے 1236کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے۔

افسوسناک بات یہ ہے کہ خیبرپختونخوا میں اب تک اس بیماری کی وجہ سے چھ اموات کی تصدیق ہو چکی ہے، جس میں سب سے زیادہ متاثرہ عمر کے گروپ دو سے پانچ سال کے درمیان کے بچے ہیں۔