بجلی مزید مہنگی ہونے کا امکان، صارفین پر 40 ارب کا اضافی بوجھ پڑے گا

261
Disclosure

اسلام آباد: ملک میں بجلی صارفین کے لیے بری خبر ہے کہ بجلی کی قیمت میں مزید 5 روپے فی یونٹ اضافے کا امکان ہے، جس کے نتیجے میں صارفین پر 40 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سی پی پی اے (سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی) کی جانب سے بجلی کی قیمت میں فی یونٹ 5 روپے اضافے کے لیے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں باضابطہ درخواست جمع کروا دی ہے۔

سی پی پی اے کی جانب سے 5 روپے فی یونٹ کا اضافہ فروری کے مہینے کے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں طلب کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے درخواست میں بتایا گیا ہےکہ فروری کے مہینے میں 6 ارب 87 کروڑ 60 لاکھ یونٹ بجلی فروخت ہوئی۔

درخواست کے مطابق فروری میں پانی سے 24.77 فیصد بجلی پیدا کی گئی، مقامی کوئلے سے 13.94 فیصد، درآمدی کوئلے سے 1.89 فیصد بجلی پیدا کی گئی جب کہ مقامی گیس سے 11.04 اور درآمدی ایل این جی سے 20.33 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔ جوہری ایندھن سے 23.29 فیصد بجلی پیداکی گئی۔

نیپرا کی جانب سے درخواست منظور ہونے کی صورت میں بجلی صارفین پر 40 ارب روپے سے زائد بوجھ پڑے گا جب کہ اس اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر نہیں ہوگا۔ اس درخواست پر نیپرا میں سماعت 28 مارچ کو ہوگی۔