مہنگائی سے پریشان عوام کی مشکلات میں اضافہ، یومیہ 10ہزار سے زائد ٹریفک چالان

278

کراچی: کراچی میں یومیہ 10ہزار سے زائد ٹریفک چالان کٹنے لگے، شہریوں سے چالان کی مد میں روزانہ تقریبا ایک کروڑ روپے وصول کیے جارہے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق  کراچی کی شاہراہوں اور چوراہوں پر 8سے 10ٹریفک پولیس اہلکار و افسران نظر آتے ہیں، گاڑیوں اور موٹرسائیکل سواروں کو روکتے ہیں اور قانون کی مختلف شقیں توڑنے کاجواز بتا کر چالان کردیا جاتا ہے۔

 ہزاروں روپے کے چالان مہنگائی سے پریشان عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کرنے لگے ہیں، کراچی میں 90ٹریفک سیکشن ہیں، ٹریفک پولیس کے عملے کا دعوی ہے کہ ہر ایک سیکشن افسر کو روزانہ 25سے زائد چالان کا ٹارگٹ دیا جاتا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ کچھ اہلکار زیادہ پیسوں کے چالان سے ڈراتے ہیں پھر چند سو کی رشوت پکڑ کر کچی پرچی تھما کر کہتے ہیں آگے کوئی پوچھے یا روکے تو پرچی دکھا کر کہنا پیچھے دے آیا ہوں، نیوکراچی  کے اطراف میں پولیس والے ایک خاص گتے پر تاریخ ڈال کر دیتے ہیں، جس  کو ٹوکن بولتے ہیں وہ ٹوکن ایک سے دو ہفتے تک چلتا ہے، ہر ٹوکن کے 15 سو سے لے کر  3 ہزار روپے تک لیتے ہیں۔

دوسری جانب ڈی آئی جی ٹریفک کا کہنا تھا کہ قوانین کی خلاف ورزیوں کے باعث چالان میں اضافہ ہوا ہے۔