حکومت پاکستان ایکس فوری بحال کرے، ایمنسٹی انٹرنیشنل

319

لندن: ایمنسٹی انٹرنیشنل نے حکومت پاکستان سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (ٹوئٹر) فوری طور پر بحالی کا مطالبہ کردیا ہے۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ سوشل میڈیا سائٹس کی بندش آزادی اظہار کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ پاکستانی حکام ایکس کو فوری طور پر بحال کریں، ایکس کی بندش مختلف سیاسی جماعتوں کی رائے کو دبانے کی کوشش ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم کی بندش سے صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے جبکہ ایکس کے بیشتر صارفین وی پی این کے ذریعے سوشل میڈیا ایپ استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔

اس حوالے سے سندھ ہائیکورٹ اور اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایکس کی بندش کے خلاف مقدمات دائر کیے گئے ہیں جن کی سماعت ابھی جاری ہے۔

واضح رہے کہ ملک میں 17 فروری سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس تک رسائی بند ہے۔