کراچی میں چڑیا گننے کی مہم، شہریوں کو بھی شرکت کی دعوت

485
invited to participate

کراچی (منیر عقیل انصاری) کراچی میں چڑیا کے عالمی دن کی مناسبت سے دلچسپ سرگرمی کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں شہر کے مختلف علاقوں میں چڑیا شماری کی جائے اور اس مہم میں عام شہریوں کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ہر سال دنیا بھر میں 20 مارچ کو چڑیا کا عالمی دن منایا جاتا ہے اور یہ دن 2010 سے منایا جارہا ہے اور اس دن کو منانے کا مقصد چڑیا کو درپیش خطرات کو زیر بحث لانا اور چڑیا کیلئے محفوظ ماحول فراہم کرنا ہے۔

اقوام عالم اس سال چڑیا کے عالمی دن کو “چڑیا کو چہچہانے کا موقع دیں، میں چڑیا سے پیار کرتا/کرتی ہوں، ہم چڑیا سے پیار کرتے ہیں” کے عنوان سے منائیں گے۔

اس عالمی دن پر مختلف ممالک میں شہری مختلف تقریبات اور سرگرمیوں کا انعقاد کرتے ہیں جن میں سر فہرست اپنے قریبی علاقوں میں چڑیا کو مخل کیے بنا مشاہدہ اور گنتی کرنا ہے۔

اس طرح کی سرگرمیوں سے اس ماحول و کسان دوست پرندے کے حوالے سے بات چیت اور ان کو لاحق خطرات کو زیر بحث لاتے ہیں۔ کچھ ممالک میں ان سرگرمیوں کو سنجیدگی سے لیا جاتا ہے۔

اس سال محکمہ جنگلی حیات سندھ اور جنگلی حیات کے شعبے میں لگاؤ رکھنے والے شوقین فوٹوگرافرز کے گروپس نے مل کر مختلف علاقوں میں چڑیا کے مشاہدہ اور گنتی کا پروگرام تشکیل دیا ہے۔

فارم بھرنے کیلئے لنک پر کلک کریں:https://docs.google.com/forms/d/e/1FAIpQLScdJpJJyyAqfi4UraCWifHoY7VFvIRmrf3Z_dhBzJTgyZiGNg/viewform?usp=sf_link

اس مہم میں 17 مارچ کو کراچی کے مختلف علاقوں میں شہریوں کے گروپ چڑیا شماری کرے گا۔ جس کے نتائج 20 مارچ کو جاری کیے جائیں گے۔ اس مہم کے دوران ملنے والی چڑیا کی ویڈیوز اور تصاویر بنانے کے ساتھ ان لوکیشن بھی نوٹ کی جائے گی۔

کراچی کے جن علاقوں میں چڑیا شماری کے لیے وائلڈ لائیف فوٹوگرافرز، یونیورسٹی طلبہ، سماجی ورکرز اور انفرادی دلچسپی رکھنے والے شہریوں پر مشتعمل گروپ تشکیل دیے گئے ہیں ان علاقوں میں کراچی کے ملیر ٹاؤن کے میمن گوٹھ اور ملحقہ علاقے، گڈاپ ٹاؤن، بحریہ ٹائون، سٹیل ٹائون، ہل پارک، کڈنی ہلز، صدر، ڈفینس، کلفٹن، لیاری، کورنگی، برنس روڈ، پاکستان چوک، این ای ڈی یونیورسٹی، کراچی یونیورسٹی کے علاقوں میں چڑیا کا مشاھدہ کریں گے۔

اس مہم کے تحت صبح آٹھ سے نو بجے اور شام پانچ سے چھ بجے کے دوران ان مخصوص علاقوں میں چڑیا کا مشاہدہ کیا جائے گا اور مشاہدات کے نتائج کو 20 مارچ پر جاری کیا جائیگا۔

اس سرگرمی میں عام شہریوں کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ حصہ لینے کے لیے خواہش مند عام شہری محکمہ جنگلی حیات سندھ کی جانب سے جاری کردہ گوگل فارم پر کریں گے۔ سروے میں شمولیت کیلئے اس لنک پر کلک کر کے فارم بھرے۔ آپ کو آپکے فراہم کردہ ای-میل ایڈریس پر سروے فارم جاری کر دیا جائے گا۔