ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلیے اڈیالہ جیل میں پولیس اور رینجرز کی مشق

180

راولپنڈی: اڈیالہ جیل میں کسی بھی ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے پولیس، رینجرز اور دیگر اداروں کی جانب سے ہنگامی مشق کا انعقاد کیا گیا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق راولپنڈی کی سینٹرل جیل (اڈیالہ) میں کسی بھی طرح کے ہنگامی حالات سے نبرد آزما ہونے کے لیے ہنگامی مشق کا انعقاد کیا گیا، جس میں پولیس، رینجرز، بم ڈسپوزل اسکواڈ اور ریسکیو 1122 کے عملے نے اپنی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

ہنگامی مشق میں دہشت گردی کی کارروائیوں سے نمٹنے کے لیے اداروں کی جانب سے اپنی صلاحیتوں کو آزمایا گیا۔ علاوہ ازیں ایمرجنسی اطلاع کے ردعمل میں پولیس، جیل کے عملے اور دیگر امدادی اداروں کی جانب سے رابطہ کاری اور جوابی حکمت عملی کی تیاریوں کو چیک کیا گیا۔

پولیس، رینجرز نے ہنگامی مشق کے دوران حملہ آور کی موجودگی پر ان کو کامیابی سے قابو کیا گیا، حملے سے نمٹنے کے بعد جیل کے باہر اور کمپاؤنڈ کے اندر بھی رینجرز اور پولیس نے سرچ آپریشن بھی کیا۔

واضح رہےکہ محکمہ داخلہ پنجاب نے سینٹرل جیل اڈیالہ سمیت چند دیگر جیلوں میں سیکورٹی بہتر بنانے کے احکامات جاری کر رکھے ہیں۔ سیکورتی خطرات کے پیش نظر اڈیالہ جیل سمیت دیگر جیلوں میں قید اسیروں سے ملاقات پر 2 ہفتے کی پابندی عائد کی گئی ہے۔