پنجاب کی مساجد: ہر ماہ ایک جمعے کاخطبہ خوراک میں ملاوٹ کے موضوع پر ہو گا

190
food adulteration

لاہور: خوراک میں ملاوٹ اور جعلسازی گناہ کبیرہ ہے اس گناہ سے بچنے کے لیے عوام الناس کو ممبر و محراب سے آگاہی دی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کی جانب سے پنجاب فوڈ اتھارٹی ہیڈ کوارٹرز میں تمام مکاتبِ فکر کے جید علماء اور محکمہ اوقاف عہدیدران سے تفصیلی ملاقات کی گئی۔

عاصم جاوید کی جانب سے قرآن و حدیث کی روشنی میں خوراک میں ملاوٹ سنگین جرم کا عوام کو درس دینے کی سفارش کی گئی۔رمضان المبارک میں ملاوٹ پر درس و تدریس،خطبات میں اسلامی قوانین کے بارے میں آگاہی دی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ جمعتہ المبارک اور عیدکے خطبات میں ملاوٹ کرنے پر سزاو جزا کے بارے آگاہ کیا جائے۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی صحت دشمن عناصر کے تمام حربوں کے حوالے سے علما ء کو آگاہ کرے گی۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا ممبر و محراب سے آگاہی اور تربیت سے ملاوٹ اور جعلسازی کے خاتمے میں مدد ملے گی۔علماء اکرام کامعاشرے کی تربیت و اصلاح میں کردار انتہائی اہم ہے۔علماء اکرام عوام تک محفوظ خوراک کی فراہمی کے مشن میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کا دست و بازو بنیں۔

عاصم جاوید نے بتایا کہ دین کی ترغیب کے ساتھ معاشرے کو درپیش مسائل کے حل میں علما کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ مزید برآں اس موقع پر خطیب مسجد داتا دربار مفتی رمضان سیالوی نے کہا آج ہم محفوظ اور غذائیت سے بھرپور خوراک کھا رہے ہیں تو اسکا سہرا پنجاب فوڈ اتھارٹی کے سر سجتا ہے۔ پنجاب بھر میں ہر ماہ ایک جمعے کاخطبہ خوراک اور ملاوٹ کے موضوع پر ہو گا۔مفتی محمد رمضان سیالوی نے مزید کہا کہ معاشرے کی اصلاح کی ذمہ داری ہماری ہے، پنجاب میں مل کر ملاوٹ کا خاتمہ یقینی بنائیں گے