صدر مملکت نے قومی اسمبلی کا اجلاس نہ بلا کر بالکل ٹھیک کیا، بانی پی ٹی آئی

275

راولپنڈی: بانی تحریک انصاف( پی ٹی آئی ) نے کہا ہے کہ صدر مملکت نے قومی اسمبلی کا اجلاس نہ بلا کر بالکل ٹھیک کیا، پارٹی جیتی ہوئی ہے مگر مخصوص نشستیں نہیں دی جارہیں، پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کے بعد آئی ایم ایف کو خط بھیج دیا جائے گا۔

اڈیالہ جیل میں میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ عوامی مینڈیٹ سے بڑی کوئی چوری نہیں ہوسکتی اور ان لوگوں نے عوام کا مینڈیٹ چوری کیا ہے، آئی ایم ایف کو لکھا جانے والے خط کو ملک سے غداری قرار دیا جا رہا ہے حالانکہ فیٹیف کی قانون سازی کی ان ہی لوگوں نے مخالفت کی تھی اور مطالبہ کیا جارہا تھا کہ ان کے کیسز ختم کئے جائیں۔

خط سے متعلق سوال پر بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ میں جیل سے کوئی بھی چیز لکھ کر باہر نہیں بھیج سکتا آئی ایم ایف کو لکھا جانے والا خط میں نے ڈکٹیٹ کروایا ہے، خط ڈکٹیٹ کروانے کے بعد سے اب تک پارٹی رہنماؤں سے ملاقات نہیں ہوئی ،پارٹی رہنماؤں سے ملاقات ہوگی پارٹی رہنمائوں سے مشاورت کے بعد آئی ایم ایف کو خط بھیج دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ خط میں یہی لکھا جائے گا کہ سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام نہیں آسکتا، تمام معیشت دان یہ کہتے ہیں کہ وسائل پیدا کئے بغیر قرض پر ملک نہیں چل سکتا، ساری قوم کہہ رہی ہے کہ دھاندلی ہوئی ہے، 20 نشستوں والے کو وزیراعظم بنایا جا رہا ہے، سارا ملک انتخابات میں ان کے خلاف کھڑا ہوا ہے، چیف الیکشن کمشنر کا استعفیٰ ضرور بنتا ہے چیف الیکشن کمشنر نے ہمیں لیول پلینگ فیلڈ نہیں دی، نگران حکومتیں بھی ہمارے خلاف لگائی گئی ہیں، الیکشن کمیشن انتخابات کے بعد بھی دھاندلی میں مصروف ہے اس سے کوئی امید نہیں ۔