دوبارہ گنتی: جماعت اسلامی کی جیتی ہوئی 3 صوبائی نشستیں آزاد امیدواروں کو دیدی گئیں

269

باجوڑ: الیکشن کمیشن کی جانب سے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے فیصلے کے بعد پختونخوا سے جماعت اسلامی کی جیتی ہوئی صوبائی اسمبلی کی 3 نشستیں آزاد امیدواروں کو دے دی گئیں۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے صوبائی اسمبلی کے تین حلقوں میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کروانے کا فیصلہ کیا گیا تھا جب کہ ان تینوں حلقوں میں جماعت اسلامی کے امیدوار کامیاب ہو چکے تھے۔

دوبارہ گنتی کیے جانے کے بعد خیبر پختونخوا اسمبلی کے حلقہ پی کے 17، پی کے 20 اور پی کے 21 جماعت اسلامی کے امیدواروں اعزاز الملک، وحید گل اور سردار خان کے ووٹ کم ظاہر کرتے ہوئے تینوں نشستیں آزاد امیدواروں کو دے دی گئیں۔

واضح رہے کہ مذکورہ نشستوں پر جماعت اسلامی کے امیدوار کامیاب ہوئے تھے، جنہیں دوبارہ گنتی کے بعد ناکام اور آزاد امیدواروں کو کامیاب قرار دے دیا گیا ہے۔

دوبارہ گنتی کے بعد جاری کیے گئے نتائج کے مطابق پی کے 17 سے آزاد امیدوار عبدالرحمن، پی کے 20 سے انور زیب خان اور پی کے 21 سے اجمل خان کو کامیاب قرار دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ ملک بھر میں سیاسی جماعتوں نے انتخابی نتائج کو متنازع قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے حقیقی نتائج جاری نہیں کیے گئے بلکہ فارم 45 جاری کیے جانے کے بعد ان میں ترمیم یا فارم 47 میں مختلف نمبروں کے ساتھ نتائج جاری کیے گئے ہیں۔