ن لیگ ، ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی حکومت بنا کر مل بانٹ کر لوٹ مار کرتی ہیں، حافظ نعیم

399

کراچی:امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ اہل کراچی 8فروری کو جماعت اسلامی کو بلدیاتی انتخابات سے زیادہ بھاری مینڈیٹ دے کر وڈیروں و جاگیرداروں، میئر کے انتخاب پر قبضہ کرنے اور عوام کے مینڈیٹ کو فروخت کرنے والوں سے بدلہ لیں گے۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ  ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی انتخابات سے قبل ہمیشہ ایک دوسرے سے لڑتی ہیں اور بعد میں حکومت بنا کر مل بانٹ کر لوٹ مار کرتی ہیں ، آزاد امیدواروں کو ایک طرف توڈرایا  دھمکایا جا رہاہے اور دوسری طرف انسانوں کی منڈی لگانے اور ہارس ٹریڈنگ کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ   جماعت اسلامی کراچی کے عوام اور قومی و صوبائی اسمبلی اور مخصوص نشستوں کی 90سیٹوں کی طاقت سے کراچی کا مقدمہ لڑے گی ۔ اہل کراچی کو حقوق دیئے بغیر اب کوئی صوبائی اور وفاقی حکومت نہیں چل سکے گی۔

 حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ کراچی کے نوجوان سرکاری نوکریوں اور تعلیم سے محروم ہیں ، شہر میں پبلک ٹرانسپورٹ کا بُرا حال ہے ، کراچی کے عوام ، مائیں ، بہنیں اور بیٹیاں چنگ چی رکشوں میں تکلیف دہ سفر کرنے پر مجبور ہیں۔ عوام گیس، بجلی، پانی سمیت دیگر مسائل سے دوچار ہیں ۔ انٹر سال اوّل میں کراچی کے ہزاروں طلبہ و طالبات کو فیل کر کے تعلیمی نسل کشی کی جا رہی ہے ۔ اندرون سندھ وڈیرے و جاگیردار اپنے امیدواروں کو ووٹ نہ دینے پر پانی بند کرنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔