بجلی کے نرخوں میں 5 روپے 63 پیسے فی یونٹ اضافے کا امکان

335
Disclosure

اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی جانب سے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ (ایم ایف اے) کی مد میں بجلی کے نرخوں میں 5.63 روپے فی یونٹ اضافے کا امکان ہے ۔

تفصیلات کے مطابق سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے نیپرا کو درخواست دائر کی ہے جس میں دسمبر 2023 کی فیول ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی کے نرخوں میں 5 روپے 63 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی گئی ہے۔

نیپرا کل سی پی پی اے کی درخواست پر سماعت کرے گا۔ اس منظوری سے بجلی صارفین پر 49 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔

بجلی کے نرخوں میں اضافے کا فیصلہ بجلی کے نرخ برقرار رکھنے کے لیے ہے اور اضافی وصولیاں رواں سال جون میں کی جائیں گی۔

واضح رہے کہ نیپرا نے نومبر کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کے نرخوں میں 4 روپے 13 پیسے فی یونٹ اضافہ کیا تھا۔

اس سے قبل نگراں حکومت کی درخواست پر نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ملک بھر میں بجلی کے یکساں نرخ برقرار رکھنے کے لیے ٹیرف میں اضافے کی منظوری دی تھی۔