سپریم کورٹ ججز کیخلاف مہم کی تحقیقات کیلیے جے آئی ٹی تشکیل

351
جعلی دستاویزات پر اٹلی اور اسپین جانیوالے مسافر گرفتار

اسلام آباد: حکومت نے سپریم کورٹ ججز کیخلاف مہم کی تحقیقات کیلیے جے آئی ٹی تشکیل دیدی۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق نگراں وفاقی حکومت نے عدالت عظمیٰ کے ججز کے خلاف مہم کے ذمے داروں اور محرکات کے حوالے سے تحقیقات کے لیے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ  کی سربراہی میں 6 رکنی جے آئی ٹی تشکیل دیدی۔

وفاقی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ 2016ء  کی دفعہ 30 کے تحت وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ کے ججز کو بدنام کرنے کے لیے چلائی جانے والی مہم کی تحقیقات کے لیے 6 رکنی جوائنٹ انویسٹی گیشن کمیٹی تشکیل دی ہے۔

جے آئی ٹی میں آئی بی اور آئی ایس آئی کے 20 گریڈ کے افسران، ڈی آئی جی اسلام آباد پولیس،پی ٹی اے کے 20 گریڈ افسر اور ایک افسر پر مشتمل ہوگی۔ کمیٹی کے ٹی آر اوز میں سپریم کورٹ کے ججز کی بدنامی کی کوشش کے لیے سوشل میڈیا پر چلائی جانے والی مہم کے پیچھے چھپے حقائق کا تعین کرنا، ملزمان کی شناخت کرکے ان کے خلاف قانون کے مطابق مقدمہ کرنا اور متعلقہ عدالتوں میں پیش کرنے علاوہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات سے بچنے کے لیے تجاویز مرتب کرنا شامل ہے۔

جے آئی ٹی سے کہا گیا ہے کہ وزارت داخلہ کو فوری طور پر ایک ابتدائی رپورٹ جمع کرا دی جائے گی۔ اس سلسلے میں ایف آئی اے ہیڈکوارٹرز جے آئی ٹی کو تعاون فراہم کرے گا۔