سندھ کے عوام کاخون چوسنے کے لئے پی پی جلدی انتخابات چاہتی ہے، جے یو آئی

158

اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام  (جے یو آئی ف)  کے ترجمان اسلم غوری نے کہا ہے کہ  پیپلزپارٹی، سندھ کے عوام کا خون چوسنے کے لئے جلدی انتخابات چاہتی ہے، انتخابات کے نتائج دیکھ کر پی پی قیادت پچھتائے گی، عوام اب پی پی کو سندھ میں لال جھنڈی دکھائے گی۔

جے یو آئی ترجمان  کے مطابق نثار کھوڑو ،سعید غنی اور کنڈی جیسے لوگوں نے پنجاب اور کے پی سے پی پی کا صفایا کرایا،ایسے لوگوں کی اوٹ پٹانگ بیانات اور کرپشن سے اب پی پی کے لئے سندھ بچانا مشکل ہوگیا۔

انہوں نے کہاکہ پی پی کے دامن میں اب نیازی کی طرح الزمات اور تنقید کے سوا کچھ نہیں ،  پی پی بلاول کو پہلے ایم این اے تو بنوائے ،وزیر اعظم کے خواب بعد میں دیکھے  پی پی کو پنجاب اور کے پی میں کرائے پر بھی امیدوار دستیاب نہیں ۔

اسلم غوری کا کہنا تھا کہ   مردم شماری کی بنیاد پر حلقہ بندیوں کے فیصلے میں پی پی شامل تھی ،جے یو آئی نہیں  زرداری کی ساری سیاست چالبازی اور سازشوں پر مشتمل ہے، سازشوں کے بغیر زرداری اینڈ کمپنی کبھی اقتدار میں نہیں آسکتی ۔