فوج کیخلاف منفی پروپیگنڈے پر سخت سزا، سینیٹ میں قرارداد منظور

310

اسلام آباد:فوج کے خلاف منفی پروپیگنڈے پر سخت سزا کی قرارداد سینیٹ میں منظور کرلی گئی۔

نجی ٹی وی کے مطابق پاک فوج اور سیکورٹی فورسز کے خلاف بدنیتی پر مبنی یا کسی اور طرح منفی پروپیگنڈا کرنے والوں کو سخت سزا دینے سے متعلق قرارداد سینیٹ کے اجلاس میں منظور کرلی گئی۔

سینیٹ کا اجلاس چیئرمین صادق سنجرانی کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں پیپلز پارٹی کے سینیٹر بہرہ مند تنگی نے پاک فوج کے حق میں قرارداد پیش کی، جسے اتفاق رائے سے منظور کرلیا گیا۔ علاوہ ازیں اجلاس میں دیگر بلز بھی پیش کیے گئے۔

پاک فوج کے حق میں پیش کی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ملکی سرحدوں کی حفاظت، پاکستان کے دفاع کے لیے اور دہشت گردی کے خلاف پاک فوج اور دفاعی ایجنسیوں نے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔ قرارداد میں فوج اور سیکورٹی فورسز کے خلاف بدنیتی پر مبنی اور کسی بھی قسم کا منفی پروپیگنڈا کرنے والوں کو سخت  سزا دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

علاوہ ازیں قرارداد میں کہا گیا کہ دشمن ہمسایے کی موجودگی میں فوج کا مضبوط ہونا اور سیکورٹی ایجنسیاں ناگزیر ہیں۔ سماجی رابطوں کے پلیٹ فارمز پر مسلح افواج کے خلاف منفی پروپیگنڈا پھیلایا جا رہا ہے، ایوان حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ فوج مخالف منفی پروپیگنڈا کرنے والوں کو سخت سزا دی جائے۔