کراچی:ڈکیتی مزاحمت پر نوجوان کے قاتل 3 ڈاکو عوام کے تشدد سے ہلاک

318

کراچی: اورنگی ٹاؤن میں ڈکیتی مزاحمت میں نوجوان کو قتل کرنے والے تین ڈاکو عوام کے تشدد سے ہلاک ہو گئے۔

شہر قائد میں ڈاکوؤں کی وارداتیں اور نہتے شہریوں کو بے خوف ہوکر قتل کرنے کے واقعات ایک بار پھر بڑھنے لگے، جس پر عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوتا جا رہا ہے اور انہوں نے جرائم کی روک تھام میں پولیس کی ناکامی دیکھتے ہوئے خود فیصلے کرنے شروع کردیے ہیں۔

اورنگی ٹاؤن کے علاقے میں شہری کو واردات کے دوران مزاحمت کرنے پر قتل کرکے فرار ہونے والے ڈاکو مشتعل عوام کے ہتھے چڑھ گئے، جنہیں لوگوں نے  بدترین تشدد کرکھ ادھ موا بنا دیا، بعد ازاں تینوں ڈاکو زخموں کی تاب نہ لاکر ہلاک ہو گئے۔

پولیس کے مطابق اورنگی ٹاؤن سیکٹر ون ڈی میں برکت اسپتال کے نزدیک قذافی چوک پر ڈاکوؤں نے ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر شہری پر فائرنگ کردی۔ جاں بحق ہونے والے کی شناخت 30سالہ شہروز اسلم کے نام سے کی گئی۔ جس کے بعد عوام نے فرار کی کوشش کرنے والے تینوں ڈاکوؤں کو پکڑ لیا اور پولیس کے پہنچنے سے قبل انہیں بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔

زخمی ڈاکوؤں کو پہلے عباسی شہید اسپتال لے جایا گیا جہاں سے انہیں جناح اسپتال ریفر کیا گیا مگر وہ راستے ہی میں چل بسے۔ڈاکوؤں کی فوری طور پر شناخت نہیں ہو سکی۔ ڈاکوؤں کے قبضے سے 3 پستول اور ایک چوری کی موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے۔