پارلیمینٹرینز  کے گوشوارے جمع کروانے کی حتمی تاریخ 31دسمبر ہے، الیکشن کمیشن

270
Decision

اسلام آباد: الیکشن کمیشن سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ الیکشن ایکٹ 2017کی دفعہ 137کے تحت تمام اراکین پارلیمنٹ وصوبائی اسمبلی کے ممبران کے لئے لازم ہے کہ وہ اپنے بشمول شریک حیات و زیر کفالت بچوں کے اثاثوں اور واجبات کے گوشوارے برائے مالی سال2022-23مجوزہ فارم ۔ بی کی صورت میں مقررہ تاریخ سے پہلے یا 31دسمبر2023تک الیکشن کمیشن کے پاس جمع کروادیں ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سیکشن 137کے مندرجات ذیل میں بھی دیے جاتے ہیں، ہر ممبر اسمبلی و سینٹ گزشتہ 30جون تک کے اپنے بشمول شریک حیات و زیر کفالت بچوں کے اثاثوں اور واجبات کے گوشوارے  بصورت مجوزہ فارم ۔ بی ہر سال 31دسمبر سے پہلے یا 31دسمبر تک الیکشن کمیشن کے پاس جمع کروائے گا ۔

 سیکشن 137کی ذیلی شق(1) کے تحت کمیشن ایک پریس ریلیز کے ذریعے ہر سال یکم جنوری  مقررہ تاریخ تک مطلوبہ گوشوارے جمع  نہ کروانے والوں کے نام شائع کرے گا ۔

16جنوری کو ایک حکم کے تحت کمیشن 15جنوری تک مذکورہ گوشوارے جمع نہ کروانے والے اراکین پارلیمنٹ وصوبائی اسمبلیوں کے ممبران کی رکنیت معطل کر دے گا اور مذکورہ گوشوارے جمع نہ کروانے والے پارلیمنٹ و اسمبلی کے اراکین کسی بھی کاروائی میں حصہ نہیں لے سکیں گے ۔

 اگر کوئی ممبر اپنے پیش کردہ گوشواروں میں کسی قسم کی غلط معلومات فراہم کرنے کا مرتکب پایا گیا تو کمیشن سیکشن 137کے تحت گوشوارے جمع کروانے کی تاریخ سے 120دن کے اندر اس بدعنوانی کے جرم کے ارتکاب کی پاداش میں کاروائی کرے گا ۔