برطانیہ کا پاکستانیوں کیلیے فل فنڈڈ اسکالرشپس کا اعلان

481

اسلام آباد: برطانیہ نے پاکستانیوں کے لیے فل فنڈڈ اسکالرشپس کا اعلان کیا ہے۔

خبر رساں اداروں کے مطابق برطانیہ کی جانب سے رواں برس کے لیے چیوننگ اسکالرشپس کا باضابطہ اعلان کردیا گیا ہے، جس کے لیے درخواستیں 12 ستمبر اور 7 نومبر 2023ء  کے درمیان جمع کرائی جاسکتی ہیں ۔ درخواستیں ویب سائٹ www.chevening.org پر جمع کروائی جا سکتی ہیں۔

برطانوی ہائی کمیشن کے مطابق یہ اسکالرشپ مکمل طور پر فنڈڈ ہے، جس میں برطانیہ میں تعلیم حاصل کرنے کے لیے فیس، پروازیں، ویزا، رہائش اور کچھ رقم خرچ کرناشامل ہے۔ برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے پاکستانیوں سے اپیل کی ہے کہ برطانیہ میں تعلیم حاصل کرنے کے لیے زندگی بدل دینے والی چیوننگ اسکالرشپ کے لیے درخواست دیں۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کی بہترین یونیورسٹیوں میں سے کچھ کا گھر، برطانیہ ہر سال لاکھوں طلبہ کے لیے ایک اعلیٰ مقام ہے۔  میں درخواست دینے کے لیے اپنے کیریئر میں اگلا قدم اٹھانے کے بارے میں سوچنے والے کسی بھی شخص کی حوصلہ افزائی کروں گی۔ رواں سال چیوننگ اسکالرشپس ایوارڈز کی 40 ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔

جین میریٹ نے کہا کہ 1983ء  سے اب تک 2 ہزار سے زیادہ پاکستانیوں کو شیوننگ اسکالرشپس اور فیلو شپس سے نوازا جا چکا ہے۔ چیوننگ اسکالرشپس یوکے کا عالمی اسکالرشپ پروگرام ہے، جو ابھرتے ہوئے نمایاں لیڈرز کو کسی بھی مضمون اور برطانیہ کی کسی بھی یونیورسٹی میں ایک سالہ ماسٹر ڈگری حاصل کرنے کے قابل بناتا ہے۔

پاکستان کے کئی قابل ذکر سابق طلبہ میں اسپورٹس صحافی روحا ندیم،سپریم کورٹ کے جسٹس اطہر من اللہ،اداکار اور نگراں وفاقی وزیر جمال شاہ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ پروگرام میں سونیا شمروز صوبہ خیبرپختونخوا کے کسی ضلع کی پولیس چیف کے طور پر تعینات ہونے والی پہلی خاتون بھی شامل ہیں ۔