پاک بھارت میچ ٹکٹ کی قیمت 70لاکھ روپے سے متجاوز

388

اسلام آباد:بھارت میں شیڈول ورلڈکپ 2023 کے لیے پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹکٹ کی قیمت 19لاکھ بھارتی جبکہ (70لاکھ پاکستانی)روپے سے بھی تجاوز کرگئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق  بھارت میں ورلڈکپ میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان مقابلے دیکھنے کے لیے شائقین کی بڑی تعداد ٹکٹس حاصل کرنے کی خواہاں ہے جب کہ بلیک میں ٹکٹ کی قیمت 19لاکھ بھارتی روپوں سے بھی تجاوز کرچکی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ احمد آباد میں پاک بھارت ٹیموں کے مقابلے کے لیے کھیلوں کے ٹکٹوں کے عالمی آن لائن پلیٹ فارم ویاگوگو پر 19,51,580روپے میں فروخت کیا جارہا ہے جب کہ اہم معرکے کے ٹکٹ محض 6گھنٹوں میں فروخت ہوچکے ہیں۔

ویاگوگو نامی ٹکٹنگ سائٹ کے پاس اب بھی 100سے زیادہ ٹکٹیں موجود ہیں، جس کے لیے خطیر رقم وصول کی جا رہی ہے۔ اسی طرح بھارتی ٹیم کے دیگر میچز کے ٹکٹس کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کررہی ہیں۔

انگلینڈ اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان میچ کے ٹکٹ بھی 2 لاکھ 34سے زائد روپے میں فروخت کے لیے رکھے گئے ہیں جب کہ چنئی میں بھارت بمقابلہ آسٹریلیا میچ کے ٹکٹوں کی ابتدائی قیمت 31,340روپے سے لے کر 9,31,295روپے تک فروخت کے لیے پیش کیے جارہے ہیں۔