کرتار پور زیرو لائن زیر تعمیر پل کا بیشتر حصہ مکمل

289

لاہور: پاکستان اور بھارت کے درمیان کرتارپور زیرولائن پر زیر تعمیر پل کابیشتر حصہ مکمل ہو چکا ہے اور امید ہے کہ کچھ ہفتوں میں اس کی تعمیر مکمل ہو جائے گی۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق کرتارپور  زیرولائن پر پاکستان والی سائیڈ پر پل کی تعمیر کا 90 فی صد سے زیادہ کام مکمل ہے۔ واضح رہے کہ گوردوارہ دربارصاحب کرتار پور میں مذہبی یاترا کے لیے آنے والے بھارتی یاتریوں کی سہولت کے لیے دونو ں ممالک نے کرتارپور زیرولائن پر پل کی تعمیر کا فیصلہ کیا تھا۔

زیرولائن کا علاقہ نشیبی ہونے کی وجہ سے سیلاب کے باعث یہاں پانی آنے کا خدشہ ہوتا ہے ۔ اس وقت بھارتی یاتری کرتارپور راہداری کے راستے گوردوارہ صاحب آتے جاتے ہیں۔ دونوں ملکوں نے زیرو لائن پر گیٹ لگا رکھے ہیں۔

پاکستان نے دسمبر 2021 میں پل کی تعمیر شروع کی تھی۔ 420 میٹر طویل پل کی تعمیر جون 2022 میں مکمل ہونا تھی تاہم فنڈز کی عدم فراہمی اور پاکستان میں سیاسی صورتحال کے باعث یہ تعمیر رک گئی تھی جسے دوبارہ شروع کیا گیا ہے۔ پل کی تعمیر سے بھارتی یاتریوں کی آمد ورفت میں آسانی پیدا ہوگی۔