بجلی بلوں میں ہوشربا ٹیکسز قابل مذمت، عوام کا کوئی پرسان حال نہیں، جاوید قصوری

1819
condemnable

لاہور: امیرجماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ بجلی کے بلوں میں ہوشربا ٹیکس حکومت کا انتہائی ظالمانہ اقدام ہے۔

محمد جاوید قصوری کا کہنا تھا کہ بجلی کے بلوں میں غیر معمولی اضافے نے شہریوں کی مشکلات بڑھا دیں ہیں۔ تین ہزار روپے والا بل 12ہزار اور 10ہزار روپے والا بل 25 ہزار روپے تک عوام کو بھجوائے جارہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ بلوں میں انکم ٹیکس وصول کرنا ڈبل ٹیکس کے زمرے میں آتا ہے، ایک بل میں دو دو مرتبہ انکم ٹیکس بھی شامل کیا گیا ہے جس کا کوئی قانونی جواز نہیں، بلوں میں آدر ٹیکس فردر ٹیکس کے ناموں سے ناجائز اور غیر قانونی وصولیاں کی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈالر کی اونچی اڑان نے ملک میں کاروبار کے حالات شدید مخدوش بنادیئے ہیں۔

جاوید قصوری کا کہنا تھا کہ ملکی معاشی حالات میں بہتری نہ آنے سے تاجر صنعت کار شدید بحران کا سامنا کرنے پر مجبور ہیں۔ ڈالر کا زور نہ ٹوٹنے سے خام مال اور مصنوعات کی قیمتیں آسمان پر ہیں۔ پاکستانی روپے کی قدر بہتر ہونے سے ملکی معیشت بحران زدہ حالات سے باہر آئے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ 24کروڑعوام کی زندگی اجیرن بن چکی ہے،مہنگائی ،بے روزگاری اور کرپشن و لوٹ مار نے قوم کو بد حال کر دیا ہے، اقتصادی بحران جنم لے رہا ہے اگر حالات پر قابو نہ پایا گیا تو معیشت کو سنبھالنا مشکل ترین ہو جائے گا۔