منتخب نمائندوں کو چارج منتقل نہیں کیا، قبضہ میئر کی نا اہلی سامنے آرہی ہے، حافظ نعیم

352
taken over

کراچی:امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کی عدم توجہی اور قبضہ میئر کی نا اہلی و ناقص کارکردگی کے باعث شہر کی بیشتر سڑکوں اور اہم شاہراؤں پر اسٹریٹ لائٹس کے ناکارہ اور بند رہنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلدیہ کراچی کی نا اہلی اور ناقص کارکردگی بار بار کھل کر سامنے آرہی ہے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ  میئر شپ لینے کے فوری بعد موصوف نے اعلان کیا تھا کہ شہر بھر کی شاہراؤں اور سڑکوں پر اسٹریٹ لائٹس کا نظام بہتر کیا جائے گا اور انہیں درست کر کے روشن کیا جائے گا مگر بدقسمتی سے دو ماہ سے زائد عرصہ ہو گیا میئر اپنے اس اعلان کو عملی جامہ پہنانے میں ناکام رہے ہیں اور شہر اندھیروں میں ڈوب چکا ہے۔

انہوں نے کہاکہ اخباری رپورٹس کے مطابق عملاً صورتحال یہ ہے کہ شاہراہ فیصل، راشد منہاس روڈ، نیو ایم اے جناح روڈ، یونیورسٹی روڈ، شہید ملت روڈ، جگر مراد آبادی روڈ، نیو ٹاؤن سے ڈالمیا، کارساز روڈ، شاہراہ قائدین اور کئی فلائی اوورز سمیت 2درجن سے زائد سڑکیں اسٹریٹ لائٹس نہ ہونے کی وجہ سے اندھیرے میں ڈوبی رہتی ہیں جس کی وجہ سے نہ صرف خوف و ہراس پیدا ہو تا ہے، حادثات رونما ہوتے ہیں بلکہ جرائم پیشہ عناصر کو بھی اپنی وارداتیں اور لوٹ مار کی کارروائیاں کرنے میں سہولت پیدا ہوتی ہے۔

 حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ستم بالائے ستم تمام ڈسٹرکٹس میں اس حوالے سے کام کرنے والی صرف 5گاڑیاں ہیں جن میں سے تین ناکارہ ہیں، عملہ توموجود ہے لیکن اسٹریٹ لائٹس کی درستگی کے لیے ضروری سامان میسر نہیں۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ اس صورتحال کے باوجود پیپلز پارٹی، اس کی سابقہ حکومت و وزراء اور قبضہ میئر دعویٰ کرتے ہیں کہ ہم کراچی کی تعمیر و ترقی اور بہتری کے لیے کام کر رہے ہیں لیکن اسٹریٹ لائٹس سمیت شہر کی ابتر صورتحال اور شہریوں کو پانی کی قلت، صفائی ستھرائی اور سیوریج کے ناقص انتظام، ٹرانسپورٹ اور سڑکوں کی خستہ حالی سمیت درپیش مسائل ان کے دعوؤں کی نفی کررہے ہیں اور ثابت کررہے ہیں کہ پیپلز پارٹی اس شہر سے بالکل سنجیدہ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ  پیپلز پارٹی  15سال سے سندھ پر مسلط ہے، بلدیاتی اداروں کے وسائل اس نے اپنے قبضے میں لیے ہوئے ہیں، بلدیاتی انتخابات ہونے کے باوجود منتخب نمائندوں کو چارج منتقل نہیں کیا گیا، عبوری مدت کے نام پر کرپشن تو جاری ہے لیکن عوام کے بنیادی اور دیرینہ مسائل حل نہیں ہو رہے۔