تمام جماعتوں کو آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دیں گے، پروفیسر محمد ابراہیم

267

پشاور:جماعت اسلامی پاکستان نے قبائلی اضلاع کے حقوق کے لیے 29 اگست منگل کے روز المرکز الاسلامی پشاور میں خیبرپختونخوا کی سیاسی جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس منعقد کرنے کا اعلان کردیا۔

جماعت اسلامی پاکستان کے صوبائی امیر پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہاکہ  تمام جماعتوں کے صوبائی قائدین کو آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دیں گے، وفاقی حکومت نے قبائلی اضلاع کے عوام کے ساتھ وعدے کیے لیکن وہ وعدے آج تک پورے نہیں کیے گئے۔

 انھوں نے مطالبہ کیا کہ قبائلی اضلاع کو سالانہ 100 ارب اور 10 سالوں میں 1000 ارب روپے دینے کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن تاحال کچھ نہیں ملا۔ قبائلی اضلاع میں امن و امان کی صورتحال انتہائی خراب ہے، پولیس فورس کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن وہ بھی پورا نہیں کیا گیا۔

رہنما جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ   قبائلی اضلاع کا قومی وسائل پر اتنا ہی حق ہے جتنا دوسرے صوبوں کا، اس لیے این ایف سی ایوارڈ کا اعلان کردہ 3 فیصد حصہ جلد فراہم کیا جائے۔

 انھوں نے مطالبہ کیا کہ قبائلیوں کے حق رائے دہی کا احترام کرتے ہوئے قومی اسمبلی کی 12 اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں کی تعداد 16 سے بڑھا کر 24  کی جائیں۔ انھوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ حالیہ مردم شماری میں قبائل کی آبادی حقیقی آبادی سے کم شمار کی گئی ہے، یہ امتیازی سلوک ہے، لہذا قبائل کی آبادی کو صحیح طریقے سے شناختی کارڈ کے مستقل پتے پر شمار کیا جائے۔