پختونخوا: ضمنی بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیلیے فوج طلب

666

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا کی تحصیل ماتھرا اور حویلیاں میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے فوج طلب کر لی۔

خبر رساں اداروں کے مطابق سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید نے اس سلسلے میں خط لکھ دیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ تحصیل ماتھرا اور حویلیاں میں 6 اگست کو بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ہونا ہے۔ 2 اگست کو الیکشن کمیشن میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں الیکشن کے منصفانہ، آزادانہ اور شفاف انعقاد کے لیے سیکورٹی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

خط کے ذریعے مزید کہا گیا ہے کہ اجلاس میں چیف سیکرٹری اور آئی جی خیبرپختونخوا نے صوبے کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر بریفنگ دی۔ چیف سیکرٹری اور آئی جی کے پی نے پولنگ ڈے پر پولیس کے ساتھ فوج کی اضافی نفری تعینات کرنے کی درخواست کی۔ الیکشن کمیشن نے آرٹیکل 220 کے تحت بلدیاتی ضمنی انتخابات کے موقع پر سول آرمڈ فورسز کے ساتھ فوج تعینات کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ فوج کی تعیناتی انتخابی ساز و سامان کی ترسیل پر بھی تعینات کی جائے گی۔