پنجاب، پختونخوا اور کشمیر میں شدید بارش، 17 ہلاکتوں کی تصدیق

495

لاہور، پشاور، مظفرآباد: پنجاب، پختونخوا اور کشمیر میں شدید بارشوں کی وجہ سے ہونے والے حادثات میں 17 ہلاکتوں کی تصدیق کی جا چکی ہے۔

خبر رساں اداروں کے مطابق پنجاب، خیبر پختونخوا اور کشمیر کے کئی علاقوں میں موسلا دھار بارشوں نے نظام زندگی کو شدید متاثر کیا ہے جب کہ گلگت بلتستان میں بھی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔

قدرتی آفات سے نمٹنے والے صوبائی ادارے (پی ڈی ایم اے) نے بتایا ہے کہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب میں بارشوں کے باعث ہونے والے مختلف حادثات میں 17 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ ان کے علاوہ زخمیوں کی تعداد 50 سے زیادہ بتائی جاتی ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے بھی ہفتے کے روز سے پیر 10 جولائی تک دریائے چناب، دریائے راوی اور دریائے ستلج سے متصل علاقوں میں شدید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔ اس سلسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ پہلے سے جاری بارش کی وجہ سے مشرقی دریاؤں میں پانی کا بہاؤ تیز اور سطح بلند ہو رہی ہے، جس کی وجہ سے نشیبی علاقوں کو زیر آب آنے کے خدشات بڑھ رہے ہیں۔

پہاڑی علاقوں سے متعلق خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ آندھی، تیز ہواؤں کے ساتھ ہونے والی شدید بارش میں تودے گرنے اور ندی نالوں میں طغیانی ہو سکتی ہے۔ حکام نے شہریوں سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری طور پر گھروں سے نہ نکلنے کی ہدایت کی ہے جب کہ متعلقہ اداروں میں الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔