سلیکٹڈ میئر کراچی اور ڈپٹی میئر نے حلف اٹھا لیا

904

کراچی :پیپلز پارٹی کے سلیکٹڈ میئر کراچی مرتضی وہاب اور ڈپٹی میئرعبداللہ مراد بلوچ نے کراچی کے گلشن جناح (پولوگراؤنڈ) میں حلف اٹھالیا، تقریب میں وزیر خارجہ بلاول زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی موجود تھے۔

حلف تقریب میں الیکشن کمشنر سندھ اعجاز چوہان نے  سلیکٹڈ میئر کراچی اور ڈپٹی میئر سے حلف لیا،جس کے بعد پیپلز پارٹی کے جیالوں نے مٹھائیاں تقسیم کیں، بعد ازاں ایڈمنسٹریٹر کراچی نے شہر کراچی کی علامتی چابی میئر کراچی مرتضی وہاب کے حوالے کردی۔

خیال رہے کہ 15 جون کو آرٹس کونسل آف پاکستان (اے سی پی) ووٹنگ کے دوران ووٹ  کاسٹ کرنے  والوں کو حق راہی سے روکنے کیلیے دروازے بند کردیے گئے تھے، میڈیا نمائندوں کے داخلے پر پابندی عائد کی گئی تھی،  میئر کی نشست کے لیے پیپلز پارٹی کے امید وار مرتضیٰ وہاب 170 ووٹ لے کر کامیاب ہوگے تھے جبکہ جماعت اسلامی کے امیدوار نعیم الرحمٰن 160 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے تھے۔ پیپلز پارٹی نے تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے 31 افراد کو ووٹ نہ ڈالنے کے لیے اغوا کردیا تھا۔

واضح رہے کہ سٹی کونسل میں پیپلز پارٹی کے 155 اور جماعت اسلامی کے ارکان کی تعداد 130 ہے جبکہ پی ٹی آئی 62، مسلم لیگ (ن) 14، جے یو آئی 4 اور تحریک لبیک کی ایک نشست ہے۔

میئر کے انتخاب کے لیے پیپلز پارٹی کو مسلم لیگ (ن) اور جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی۔ایف) جبکہ جماعت اسلامی کو تحریک انصاف کی حمایت حاصل تھی، اس طرح پیپلز پارٹی اور ان کے اتحادی ارکان کی تعداد 173 تھی جبکہ جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کے مشترکہ اراکین 192 تھے۔