پاک بحریہ کا سمندری طوفان سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری

513
پاک بحریہ کا سمندری طوفان سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری

کراچی: پاک بحریہ سندھ اور بلوچستان کے دور دراز ساحلی علاقوں میں قدرتی آفت سے بچا کے لئے بڑے پیمانے پر امدادی آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے۔

پاک بحریہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق پاک بحریہ کی ایمرجنسی رسپانس ٹیموں نے مقامی انتظامیہ کے ساتھ مل کر طوفان سے متاثرہ لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا  اور کھانے کی اشیا فراہم کیں۔

پاک بحریہ کی ایمرجنسی رسپانس ٹیموں نے اب تک کیٹی بندر، کھارو چن، شاہ بندر، باگاں، سجاول، چوہڑ جمالی اور جاتی شہر کے مختلف ساحلی علاقوں سے 17ہزار  سے زائد  افراد کو نکال لیا ہے۔

مزید برآں، بلوچستان کے شہر اورماڑہ میں ماہی گیروں کی 46  کشتیوں کو اورماڑہ نیول ہاربر پر لنگر انداز کیا گیا ہے۔

پاک بحریہ کے جہاز اور ایمرجنسی رسپانس ٹیمیں سمندر اور متاثرہ علاقوں میں گشت جاری رکھے ہوئے ہیں تاکہ ضرورت پڑنے پر سمندر میں پھنسے لوگوں کی بروقت مدد کی جا سکے۔

سندھ اور بلوچستان کے آفت زدہ علاقوں میں پاک بحریہ کا جاری ریلیف آپریشن مشکل کی گھڑی میں ہم وطنوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے عزم کا مظہر ہے۔۔