تاجروں نے مارکیٹیں رات 8 بجے بند کرنے کا حکومتی فیصلہ مسترد کردیا

591
inflation

اسلام آباد: تاجروں نے وفاقی حکومت کی جانب سے توانائی بچت پلان کے تحت رات 8 بجے مارکیٹیں بند کرنے کا فیصلہ مسترد کردیا ہے۔

آل پاکستان انجمن تاجران نے حکومتی فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت 8 بجے دکانیں بند کرنے کا فیصلہ واپس لے۔ صدر آل پاکستان انجمن تاجران ا جمل بلوچ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گرمی میں دکانیں رات 8 بجے کسی صورت بند نہیں کریں گے۔ ہرحکومت دکانیں رات 8 بجے بند کرنے کی ناکام پریکٹس کر چکی ہے۔ گرمی کے موسم میں دن میں کوئی خریداری نہیں ہوتی۔ خریداری صرف رات 8 بجے سے رات 11 بجے تک ہوتی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ تاجر ملک میں سب سے زیادہ مہنگی بجلی خریدتا ہے کہاں کی عقل مندی ہے توانائی بچانے کی خاطر معاشی پہیہ روکا جا رہا ہے۔ حکومت توانائی بچانے کے لیے مفت میں چلنے والی بجلی بند کرے اورحکمران اپنے ائیرکنڈیشن بند کریں۔

انہوں نے کہا کہ  ہر گھر کا پنکھا چلے گا۔ بدقسمتی کی انتہا ہے۔ توانائی بچانے کی بات یا وزیر دفاع کرتا ہے یا وزیر منصوبہ بندی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر توانائی کو چاہیے تاجر نمائندوں کے ساتھ بیٹھ کر بات کریں۔