نئی دہلی: بوائے فرینڈ کے ہاتھوں لڑکی کا بے دردی سے قتل ، شہری وڈیو بناتے رہے

442
 نئی دہلی: بوائے فرینڈ کے ہاتھوں لڑکی کا بے دردی سے قتل ، شہری وڈیو بناتے رہے

نئی دہلی: بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں اتوار کی رات ایک لڑکی کا انتہائی بے دردی سے قتل کردیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق قاتل کوئی اور نہیں بلکہ اس کا عاشق تھا،نئی دہلی کے شاہ آباد علاقے کی ایک گلی میں ساکشی نامی ایک 16سالہ لڑکی سڑک پر جارہی تھی، اسی دوران ساحل نامی 20سالہ نوجوان جو مبینہ طور پر اس کا عاشق تھا، اس نے اسے گلی میں ہی روکا، اس کے بعد ان دونوں میں بحث ہوئی،28مئی کی رات ساکشی اپنے دوست کی سالگرہ کی تقریب میں جانے کے لیے گھر سے نکلی تھی،اس دوران ساحل برہم ہوگیا اور 16سالہ ساکشی پر چاقو سے دیوانہ وار حملہ کرتے ہوئے اسے بے دردی سے قتل کر دیا۔

ساحل نے ساکشی پر 21مرتبہ چاقو کے وار کئے،افسوسناک بات یہ ہے کہ اس وقت گلی سے کئی لوگ گزر رہے تھے، لیکن کسی نے بھی ساحل کو روکنے یا پکڑنے کی ہمت نہیں کی،ساحل نے چاقو سے کئی وار کرنے کے بعد سڑک سے پتھر اٹھا کر ساکشی کے چہرے کو کئی بار کچلا تھا، جس کی لوگ ویڈیو بنا تےرہے۔

اس بے رحمانہ حملے کے نتیجے میں ساکشی موقع پر ہی دم توڑ گئی،ساحل جب ساکشی پر حملہ کر رہا تھا تو گلی میں موجود تمام لوگوں نے اس منظر کو فلم کی طرح دیکھا، مگر کسی نے بھی اسے روکنے کی کوشش نہیں کی، لیکن یہ سب اس گلی میں لگے سی سی ٹی وی کیمرے میں ریکارڈ ہو گیا۔

ملزم ساحل ساکشی کا قتل کرنے کے بعد موقع سے فرار ہوگیا،نئی دہلی پولیس نے ملزم کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دے کر اس کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے،نئی دہلی کی ڈی سی پی سمن نلوا نے ساکشی کے قتل پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ پولیس نے ملزم کی شناخت کرلی ہے اور بہت جلد اسے پکڑ لیا جائے گا۔

جس کے بعد دہلی پولیس نے ملزم ساحل کو گرفتار بھی کرلیا،پولیس نے ملزم کو ریاست اترپردیش کے بلند شہر سے گرفتار کیا ہے،دہلی پولیس کے اسپیشل کمشنر دیپیندر پاٹھک نے ملزم کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔