اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے تحت انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کا آغاز

573

کراچی : اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے تحت انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کا آغاز آج سے شروع ہورہا ہے.پہلے مرحلہ میں بارہویں جماعت کے تمام گروپس کے سالانہ امتحانات ہونگے،امتحانات میں ایک لاکھ 15 ہزار سے زائد طلبہ و طالبات شریک ہوں گے۔

منگل 27 جون تک جاری رہنے والے امتحانات میں سائنس پری میڈیکل، پری انجینئرنگ، سائنس جنرل، ہوم اکنامکس، کامرس ریگولر،کامرس پرائیویٹ، آرٹس ریگولر، آرٹس پرائیویٹ، خصوصی امیدواروں،ہوم اکنامکس گروپس اور ڈپلومہ ان فزیکل ایجوکیشن کے امتحانات ہوں گے۔

صبح اور شام کی شفٹوں میں ہونے والے پرچوں میں ایک لاکھ 15ہزار سے زائد طلبہ و طالبات شرکت کریں گے،صبح  9بجے سے 12بجے تک سائنس پری میڈیکل، پری انجینئرنگ، سائنس جنرل اور ہوم اکنامکس گروپس کے امتحانات ہوں گے۔

دوپہر 2 بجے سے شام 5 بجے تک کامرس ، آرٹس ،خصوصی امیدواروں اور ڈپلومہ ان فزیکل ایجوکیشن کے امتحانات لیے جائیں گے،انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات برائے 2023ء کیلئے صبح اور شام کی شفٹوں میں مجموعی طور پر  211  امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔

زرائع کے مطابق  صبح کی شفٹ میں 117 امتحانی مراکز جبکہ 94شام کی شفٹ میں بنائے گئے ہیں،مجموعی طور پر59   امتحانی مراکز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔

امتحانات کے پرامن و بلاتعطل انعقاد اور طلباء کی سہولت کیلئے پولیس رینجرز حکام سے مدد طلب کی گئی ہے ،نقل کی روک تھام کیلئے پچھلے سال کی طرح اس سال بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں،امتحانی مراکز کے اطراف دفعہ 144 نافذ ہوگی۔

ڈاکٹر سعید الدین کا کہنا تھا کہ امتحانی مراکز میں موبائل فون، ٹیبلٹس، لیپ ٹاپ اور الیکٹرانک ڈیوائس لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی،نقل کی روک تھام کیلئے ایم سی کیوز کا سوال نامہ پرچے کے آخری آدھے گھنٹے میں طلبہ کو دیا جائے گا۔