ایلون مسک کی مستقبل کی جنگوں سے متعلق عجیب و غریب پیشگوئیاں

528

نیویارک : معروف امریکی کمپنی ٹیسلا کے بانی ایلون مسک نے مستقبل کی جنگوں کے بارے میں کچھ عجیب و غریب پیشگوئیاں کی ہیں۔

ایلون مسک کا کہنا تھا کہ مستقبل میں ٹیکنالوجی بنانے والے ممالک جوکہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس سے کنٹرول کیے جانے والے مسلح ڈرون بڑے پیمانے پر تیار کرنے کے قابل ہوں گے، ان کے درمیان صرف ڈرون جنگیں ہوں گی۔

انہوں نے لندن میں منعقد ہونے والے سمٹ سے ورچوئلی بات کرتے ہوئے کہا کہ جو کچھ بھی ہم کر رہے ہیں اس کے لیے آرٹیفیشل انٹیلیجنس ضروری نہیں ہے، یہ ٹیکنالوجی بالکلدو دھاری تلوار جیسی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر آپ کے پاس کوئی جن ہے جو آپ کو کچھ بھی دے سکتا ہے، آپ کو ایک خطرہ پیش کرتا ہے، دنیا بھر کی حکومتوں سے توقع ہے کہ وہ کسی بھی چیز سے پہلے ہتھیار تیار کرنے کے لیے آرٹیفیشل انٹیلیجنس کا استعمال کریں۔

ایلون مسک نے کہا کہ لہذا صرف میدانِ جنگ میں زیادہ جدید ہتھیاروں کا ہونا جو کسی بھی انسان سے زیادہ تیزی سے رد عمل کا اظہار کر سکتے ہوں صرف آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے ذریعے ممکن ہوسکے گا۔

انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک یا کم از کم ڈرون ٹیکنالوجی کی صلاحیت رکھنے والے ممالک کے درمیان مستقبل میں ہونے والی جنگیں ڈرون جنگیں ہوں گی۔