امریکی صدر کے مشیرکی رہائش گاہ میں نامعلوم شخص کے گھسنے کے واقعے کی تحقیقات

388
امریکی صدر کے مشیرکی رہائش گاہ میں نامعلوم شخص کے گھسنے کے واقعے کی تحقیقات

 واشنگٹن :امریکی سیکرٹ سروس اس بات کی تحقیقات کر رہی ہے کہ کس طرح ایک شخص تقریبا دو ہفتے قبل آدھی رات کو صدر بائیڈن کے قومی سلامتی کے مشیر چیک سلیوان کے گھر میں داخل ہوا اور اس نے وہاں پر توڑ پھوڑ کی۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق تین امریکی حکام نے بتایا کہ سکیورٹی گارڈز اور سیکرٹ سروس سے چھپ کر ایک شخص چیک سلیوان کے گھرمیں داخل ہوا۔

اس واقعے سے واقف دو افراد نے بتایا کہ نامعلوم شخص اپریل کے آخر میں رات 3 بجے کے قریب چیک سلیوان کے گھر میں داخل ہوا اور سلیوان نے اس شخص کا سامنا کیا اور اسے وہاں سے جانے کا حکم دیا۔سلیوان کے پاس 24/7 خفیہ سکیورٹی سروس ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ گھر کے باہر تعینات گارڈز کو اس بات کا علم نہیں تھا کہ یہ شخص واشنگٹن کے ویسٹ اینڈ میں واقع گھر میں داخل ہوا ہے یہاں تک کہ وہ شخص وہاں سے چلا گیا اور سلیوان ایجنٹوں کو آگاہ کرنے کے لیے باہر آیا۔

واقعے سے واقف لوگوں کے مطابق اندر گھسنے والا نشے میں تھا اور اپنے ٹھکانے کے بارے میں الجھن میں تھا۔ان کا کہنا تھا کہ اس بات کا کوئی ثبوت نہیں ہے کہ وہ شخص سلیوان کو جانتا تھا یا اسے نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہا تھا۔

سیکرٹ سروس نے ایک بیان میں کہا کہ اس نے اس واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور یہ کہ گھر میں گھسنے والا سلیوان کے گھر میں کیسے داخل ہوا، اس کا پتہ نہیں چل سکا۔سیکرٹ سروس کے ترجمان انٹنی گولیلمی نے ایک سوال کے جواب میں بیان میں کہا کہ اگرچہ ہدف کو کوئی نقصان نہیں پہنچا پھر بھی ہم اس معاملے کو بہت سنجیدگی سے لے رہے ہیں اور جو کچھ ہوا اس کے تمام پہلوں کا جائزہ لینے کے لیے ہم نے مکمل تحقیقات شروع کر دی ہیں۔