جنوبی پنجاب: سابق لیگی اور انصافی ارکان اسمبلی پی پی میں شامل

493

اسلام آباد: جنوبی پنجاب میں مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کے سابق ارکان اسمبلی نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔

میڈیا ذرائع کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں شریک چیئرمین پیپلز پارٹی آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے جنوبی پنجاب سے پی پی میں شمولیت کرنے والی سیاسی شخصیات اور سابق اراکین نے ملاقات کی۔

اس سلسلے میں جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق مظفر گڑھ سے سابق صوبائی وزیر سید ہارون نے مسلم لیگ ن، سابق رکن قومی اسمبلی چودھری اصغر جٹ نے پی ٹی آئی جب کہ خانیوال سے مسلم لیگ ن کے سابق رکن پنجاب اسمبلی سید جمیل شاہ نے پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

علاوہ ازیں مسلم لیگ ق کے مظفر گڑھ سے پی پی 271 سے امیدوار ملک فیض احمد جب کہ پی ٹی آئی کے سابق امیدوار برائے بہاؤولنگر رانا انتظار احمد، پاکستان کسان اتحاد کے مرکزی نائب صدر عامر وٹو، خانیوال کے سابق چیئرمین مسعود مجید نے پی ٹی آئی چھوڑ پر پی پی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں کو مبارک باد پیش کی۔ اس موقع پر یوسف رضا گیلانی، مخدوم، سید احمد محمود، مخدوم سید مرتضی محمود اور مخدوم سید مصطفی محمود بھی موجود تھے۔