اگر یہ بجٹ دیں گے تو پاکستان کی مصیبتوں میں اضافہ ہو گا، فواد چودھری

471
revealed

اسلام آباد:تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ صوبوں کے انتخابات کو آگے کرنے کیلئے ترمیم کی ضرورت ہو گی، ہم سپریم کورٹ کی تجاویز پر ان کے ساتھ بیٹھ گئے ہیں، اب حکومت کی طرف سے فیصلہ ہونا ہے، خواجہ آصف، احسن اقبال مذاکرات کو سبوتاژ کر رہے ہیں۔

فواد چودھری نے کہا کہ اگر یہ بجٹ دیں گے تو پاکستان کی مصیبتوں میں اضافہ ہو گا، ہم نے اپنا نقطہ نظر ان کے سامنے رکھا ہے، 70 فیصد مذاکرات تو پہلے ہی کامیاب ہو چکے ہیں، ہم بجٹ سے پہلے اور وہ بجٹ کے بعد الیکشن چاہتے ہیں، الیکشن کی تاریخ کا معاملہ بڑی اہمیت کا حامل ہے۔

تحریک انصاف کے رہنما نے مزید کہا کہ پرویز الہی کے گھر پر حملے کے بعد ہم پر مذاکرات ختم کرنے کا بڑا پریشر تھا، عمران خان نے کہا مذاکرات جاری رکھیں۔

انہوں نے کہاکہ  پی ڈی ایم میں ایک دھڑا مذاکرات نہیں چاہتا، مخالفت کرنے والوں کو مریم نواز کی سپورٹ بھی حاصل ہوگی، یہ ہمیں کہتے تھے کہ تحریک انصاف والے مذاکرات نہیں کرتے، ہم نے ان کی بات کو غلط ثابت کیا، ہماری مذاکراتی کمیٹی کی کوشش ہے معاملہ حل کی طرف جائے۔

فواد چوہدری  کا کہنا تھا کہ  اگر مذاکرات ناکام ہوں گے تو پی ڈی ایم فسادیوں کی وجہ سے ہوں گے، یہ لوگ تو اشتعال دلانے کی کوشش کر رہے ہیں، ہم نے اشتعال انگیز تقریروں کا بھی جواب نہیں دیا، ہم نے سوال رکھا ہے کہ اس عمل کو اسٹیبلشمنٹ کی حمایت حاصل ہے یا نہیں۔