روس کا یوکرینی میوزیم پر فضائی حملہ، 2افراد ہلاک

367

کیف:روس کی جانب سے یوکرین کے ایک میوزیم پر فضائی حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں  2افراد ہلاک اور 10زخمی ہو گئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق یوکرینی حکام نے بتایا کہ روسی فوج نے کھارکیو کے علاقے میں S-300فضائی دفاعی میزائل کا استعمال کرتے ہوئے قصبے کے مرکز میں واقع تاریخی میوزیم کو نشانہ بنایا ،روسی فوج نے زمینی اہداف پر حملہ کرنے کے لیے بار بار S-300کا استعمال کیا ہے جسے یوکرین کا فضائی دفاع کا نظام روک نہیں سکتا۔

یوکرین کے صدر ولادی میر زیلنسکی نے ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں تباہ شدہ عمارت اور ریسکیو ورکرز کو نقصان کا جائزہ لیتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

زیلنسکی نے میوزیم میں ایک کارکن کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد ملک ہماری تاریخ، ثقافت اور ہمیں مکمل طور پر تباہ کرنے کے لیے سب کچھ کر رہا ہے،کھارکیو کے علاقائی گورنر اولیح سینیہوبوف نے بعد میں اطلاع دی کہ عمارت کے ملبے کے نیچے سے ایک اور مقتول کی لاش نکالی گئی ہے، تین افراد کو ہسپتال میں داخل کرایا گیا اور سات کو معمولی زخم آئے،یوکرین کے صدارتی دفتر کے مطابق روسی گولہ باری میں ایک خاتون بھی ہلاک ہوئی اور مشرقی ڈونیٹسک کے علاقے میں دو شہری مارے گئے۔

یوکرین کی فوج اب ایک طاقتور نئی جوابی کارروائی کی تیاری کر رہی ہے اور اس کا انحصار مغربی جنگی ٹینکوں اور دیگر ہتھیاروں کے ساتھ ساتھ مغرب میں تربیت یافتہ فوجیوں کی تازہ ترین سپلائی پر ہے۔

زیلنسکی نے گزشتہ روز اعلی فوجی افسروں سے بھی ملاقات کی اور میدان جنگ کی صورتحال کے ساتھ ساتھ نئے ہتھیاروں کی فراہمی اور فوجیوں کی تیاری کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا ، اس موقع پر یوکرینی صدر کا کہنا تھا کہ ہمیں ہتھیاروں کی سپلائی کی رفتار کو تیز کرنا ہو گا۔