میلبرن سڈنی کو پیچھے چھوڑ کر آسٹریلیا کا سب سے بڑا شہر بن گیا

974

 سڈنی:میلبرن سڈنی کو پیچھے چھوڑ کر آبادی کے لحاظ سے آسٹریلیا کا سب سے بڑا شہر بن گیا ہے۔

آبادی کے لحاظ سے سڈنی 100سال سے زائد عرصے سے آسٹریلیا کا سب سے بڑا شہر تھا،مگر حالیہ برسوں میں میلبرن کی آبادی تیزی سے اضافہ ہوا ہے اور شہر بھی پھیل گیا ہے،حکومتی اعداد و شمار کے مطابق میلبرن کی آبادی 48لاکھ 75ہزار 400ہے جو سڈنی سے 18ہزار 700زیادہ ہے۔

آسٹریلیا کے محکمہ شماریات اے بی ایس نے بتایا کہ میلبرن شہر میں نواحی علاقے شامل ہو رہے ہیں،یہ اعداد و شمار جون 2021کے ہیں جو اب جاری ہوئے ہیں۔

جس کے مطابق میلٹون نامی علاقہ میلبرن میں شامل ہونے سے اس کی آبادی سڈنی سے زیادہ ہوگئی،یہ پہلی بار نہیں جب آبادی کے لحاظ سے میلبرن نے آسٹریلیا کے سب سے بڑے شہر کا اعزاز اپنے نام کیا ہے۔

اس سے قبل 19ویں صدی میں بھی میلبرن آسٹریلیا کا سب سے بڑا شہر تھا مگر 1905میں سڈنی نے اس کی جگہ لے لی تھی۔