گورنر سندھ کا گوٹھ ریگولرائزیشن کمیٹی ختم کرنے کیلیے وزیراعلیٰ کو خط

324

کراچی:گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے گوٹھوں کو ریگولرائز کرنے کے معاملے پر وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کو خط لکھ دیا۔

خط میں کہاگیاہے کہ ایم کیو ایم سمیت جماعت اسلامی کو تحفظات ہیں، ریگولرائزیشن کمیٹی کو ختم کرکے اس میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو شامل کیا جائے۔خط کے مطابق گوٹھوں کو ریگولرائز کرنے کے لیے جو کمیٹی بنائی گئی ہے اس میں تمام تر جماعتوں کا ہونا ضروری ہے، این جی اوز کو بھی اس پر تحفظات ہیں، زمینوں پر قبضے کے حوالے سے بدعنوانی کے دروازے موثر طریقے سے بند کرنے کی ضرورت ہے۔

گورنر سندھ نے اپنے خط میں لکھاہے کہ میں سمجھتا ہوں بلاول بھٹو زرداری اور آصف زرداری کسی بھی قسم کی بدعنوانی یا زمینوں پر قبضے کیخلاف ہیں، کمیٹی کا قیام شفاف طریقے سے ہونا چاہیے۔  جب کمیٹی پر تحفظات ہوں تو کیسے یہ معاملہ شفاف ہوسکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں کچی آبادی اور گوٹھ آباد کے قوانین دھوکہ دہی، جعلسازی اور بدعنوانی کا ذریعہ رہے ہیں یہ عمل نجی یا سرکاری زمین پر قبضہ کرنے کی ترغیب دیتا ہے اور پھر مستقبل میں ایسی زمین کو باقاعدہ ریگولرائز کردیا جاتا ہے۔