دنیا بھر کے مسائل سے راہ نجات کے لیے قرآن و سنت سے رہنمائی لینا ہو گی، راشد نسیم

571

کراچی: نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم نے کہا ہے کہ رمضان کے مہینے میں مساجد کا آباد ہونا اور لوگوں کا جوق در جوق قرآن کریم کی تلاوت سننے کے لیے اللہ کے گھروں میں آنا اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام میں نیکی کا جذبہ ،اللہ سے تعلق اور محبت رکھنے کی جستجو بدرجہ اتم موجود ہے۔

راشد نسیم نے کہا کہ  ضرورت اس امر کی ہے کہ اس جذبہ کو پورے معاشرے میں تبدیلی کے لیے استعمال کیا جائے اور ایسا صرف تب ہو گا جب اللہ کی زمین پر بندگان خدا کی حکومت قائم ہو گی۔

راشد نسیم نے کہا کہ دنیا بھر کے مسائل سے راہ نجات کے لیے قرآن و سنت سے رہنمائی لینا ہو گی۔ مادی دنیا یورپ اور امریکا میں جو فساد برپا ہے ،تمام تر سہولیات ہونے کے باوجود انسان بے چین ہے تو اس کی وجہ اللہ سے دوری ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کے مسائل، ڈوبتی معیشت، بدامنی، غربت، بے روزگاری بھی اسی وجہ سے ہے کہ یہاں اسلامی نظام نافذ نہیں ہو سکا۔ انھوں نے کہا کہ موجودہ حکمران جماعتیں نااہل ثابت ہو گئیں، اس ملک کو صرف جماعت اسلامی ہی حقیقی معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنا سکتی ہے۔