طالبان حکومت نے بھنگ کاشت کرنے پر پابندی عائد کردی

513

کابل:طالبان حکومت نے افغانستان میں بھنگ کاشت کرنے پر پابندی عائد کردی۔

افغان طالبان کے امیر اور سپریم لیڈر ہیبت اللہ اخونزادہ کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے کے مطابق ملک بھر میں بھنگ کی کاشت ممنوع قرار دے دی گئی ہے،خلاف ورزی کی صورت میں بھنگ کی فصل تلف کردی جائے گی اور کاشت کاروں کے خلاف شرعی قوانین کے تحت کارروائی کی جائے گی۔

طالبان رہنما کی جانب سے جاری کردہ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ عدالتوں کو حکم نامے کی خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف شرعی قوانین کے تحت کارروائی کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے،اقوام متحدہ کے مطابق افغان کاشت کار سب سے زیادہ پوست کی فصل کی کاشت کرتے ہیں، 2010میں افغانستان افیم، چرس اورہیروئن فراہم کرنے والا سب سے بڑا ملک بن گیا تھا۔

اقوام متحدہ کی ڈرگ ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق افغانستان میں سالانہ دس سے چوبیس ہزار ہیکٹر رقبے پر بھنگ اور پوست کی فصل کاشت کی جاتی تھی۔ 

افغانستان کے چونتیس میں سے سترہ صوبوں میں منشیات کی فصلوں کی سب سے زیادہ کاشت ہوتی تھی،اقتدار میں آنے سے قبل طالبان جنگجوﺅں نے پوست کے کاشتکاروں پر ٹیکسوں کے نفاذ اوراسمگلروں کو محفوظ راہ گزر فراہم کرنے کے عوض کروڑوں ڈالر کمائے۔