معاشی مشکلات کے باوجود ترکی، شامی لوگوں کی مدد جاری رکھیں گے، وزیر اعظم

271

اسلام آباد:وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پورا پاکستان اپنے ترک اور شامی بھائیوں کے ساتھ ہے، پاکستان اور ترکیہ یک جان دو قالب ہیں، پاکستان اور ترکیہ کے مسلمانوں کے تعلقات صدیوں پرانے ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا ریسکیو ٹیموں نے ترکیہ میں بغیر وقت ضائع کیے اپنی خدمات سرانجام دیں، ترکیہ کی عوام پاکستان کی طرف دیکھ رہی ہے، پاکستانی ریسکیو ٹیم نے ترک بہن، بھائیوں کے دلوں میں جگہ بنالی ہے، ترکیہ کے ساتھ پاکستان کا رشتہ بہت مضبوط ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کو آج معاشی چیلنجز اور مشکلات کا سامنا ہے، ترکیہ کی عوام کیلئے جو کچھ ہوا کریں گے، ترکیہ، شام میں بے شمار امدادی سامان روانہ کیا جا چکا ہے، کفایت شعاری مہم کے تحت اب بسکٹ چائے پیش کرتے ہیں، صرف ریسکیو ٹیموں کیلئے آج بندوبست کیا ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ  این ڈی ایم اے نے امدادی کاموں میں بہترین کام کیا، پاکستان ایئرفورس، نیول چیف کا بھی شکر گزار ہوں، پاکستان اور ترکیہ یک جان دو قالب ہیں، پاکستان اور ترکیہ کے مسلمانوں کے تعلقات صدیوں پرانے ہیں، پاکستان اپنے ترک اور شامی بہن، بھائیوں کی ہر ممکن مدد جاری رکھے گا۔

انہوں نے مزید کہاکہ  کابینہ نے ایک ماہ کی تنخواہ زلزلہ متاثرین کو دینے کا اعلان کیا ہے، وزیر خزانہ نے اپنی جیب سے دو کروڑ کا عطیہ دیا، مخیر حضرات بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ معاشی مشکلات کے باوجود برادر ملکوں کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے،  دو روز قبل  بھی ایک بحری جہاز امدادی سامان لیکر ترکیہ اور شام کیلئے روانہ ہوا ہے، امدادی سامان میں ترکیہ اور شام کیلئے سردی سے بچا کے خیمے شامل ہیں۔