سیکورٹی ادارے متحرک: تارکین وطن اورافغانیوں کیخلاف کریک ڈاؤن کی تیاریاں

321
mobilized

کراچی: پولیس آفس پر حملے کے بعد غیر قانونی طور پر پاکستان میں مقیم تارکین وطن اور افغان باشندوں کیخلاف کریک ڈاؤن کی تیاریاں شروع کر دی گئیں۔

میڈیا ذرائع کے مطابق آئندہ چند روز میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے گرینڈ آپریشن کیا جائے گا۔2021 سے اب تک 2 لاکھ سے زائد افغان باشندے غیر قانونی طور پر پاکستان پہنچے ہیں جنہیں ملک بدر کرنے سے متعلق آئندہ چند روز میں ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائیں جائیں گے اس وقت سندھ کی مختلف جیلوں میں1 ہزار سے زائد افغان باشندے قید ہیں جو مختلف جرائم میں ملوث ہونے کے باعث سزا کاٹ رہے ہیں۔

حساس اداروں کی جانب سے اسٹریٹ کرائم ،منشیات فروشی و دیگر سنگین وارداتوں میں ملوث افراد سے متعلق ایک رپورٹ تیار کی گئی ہے جس میں گزشتہ چند ماہ کے دوران شہر میں امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کا ذمہ دار افغان باشندوں اور غیر قانونی مقیم تارکین وطن کو ٹھہرایا گیا ہے

وفاقی وزیر داخلہ کی جانب سے حساس اداروں کو ملک کی سالمیت کو نقصان پہنچانے والوں کیخلاف کارروائیاں تیز کرنے سے متعلق گرین سگنل دے دیا گیا ہے جس کے تحت آئندہ چند روز میں سہراب گوٹھ، منگھوپیر و دیگر علاقوں میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کی بڑی تعداد میں گرفتاریاں متوقع ہیں ۔