رمیز راجا نے نام لیے بغیر کراچی کنگز کی ناکامیوں کا ذمہ دار انتظامیہ کو ٹھہرادیا

333

کراچی: سابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ اور کمنٹیٹر رمیز راجا نے نام لیے بغیر کراچی کنگز کی ایونٹ میں مسلسل ناکامیوں پر انتظامیہ اور سرپرستوں کو ذمہ دار ٹھہرادیا۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)کے آٹھویں سیزن میں بھی کراچی کنگز ابھی تک فتح کا دروازہ نہیں کھول سکی ہے، گزشتہ ایڈیشن میں کنگز کی ٹیم محض ایک لیگ میچ جیت سکی تھی جبکہ رواں سیزن میں لگاتار ابتدائی تین میچوں میں شکست کا منہ دیکھ چکی ہے۔

رمیز راجا کا خیال ہے کہ کراچی کنگز کو اپنی قسمت بدلنے کیلئے انتظامیہ اور سرپرستوں کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ ٹاپ تھری میں اپنے سیزن کا اختتام کرسکیں۔

کراچی کنگز کے ساتھ وسیم اکرم پی ایس ایل 4 سے صدر اور بالنگ مینٹور کے طور پر خدمات سرانجام دے رہے ہیں لیکن فرنچائز گزشتہ دو سیزن سے کوئی خاص پرفارمنس دیکھانے میں کامیاب نہیں ہوسکی ہے۔

راجہ  رمیز کا کہنا تھا کہ فرنچائز کی جانب سے کم تبدیلیاں اور اعتدال پسندی انہیں نقصان پہنچا رہی ہے، اگر فرنچائز نے ہارنے کا سلسلہ جاری رکھا تو کراچی کنگز کے شائقین بھی اپنا صبر کھودیں گے، ہوم گرانڈ پر ٹیم کے ہارنے سے شائقین ناراض ہوتے ہیں۔