وزیراعظم کی ترک صدر سے ملاقات، زلزلے میں جانی نقصان پر اظہار افسوس

689

انقرہ: وزیرِ اعظم شہباز شریف دو روزہ سرکاری دورے پر انقرہ پہنچ گئے جہاں انہوں نے صدارتی محل میں ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کی۔

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف ترکیہ کے زلزلہ متاثرین سے اظہارِ یکجہتی اور زلزلہ زدہ علاقوں کے دورے کے لیے انقرہ پہنچ گئے۔ انقرہ ہوائی اڈے پر اعلی ترک حکام اور ترکیہ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر یوسف جنید نے وزیرِ اعظم کا استقبال کیا۔

بعد ازاں وزیراعظم صدارتی محل پہنچے جہاں ان کی ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات ہوئی۔ وزیر اعظم نے ترکیہ کے صدر رجب طیب ادرگان سے  زلزلے کے نتیجے میں جانی و مالی نقصان پر افسوس اور ترک عوام سے یکجہتی کیا۔

وزیر اعظم نے اپنی گفتگو میں کہا کہ زلزلے سے ہزاروں افراد کی اموات اور بڑے پیمانے پر مالی نقصان پر گہرا دکھ اور افسوس ہے، پاکستانی قوم اپنے ترک بہن بھائیوں کو مصیبت کی اس گھڑی میں اکیلا نہیں چھوڑے گا۔وزیراعظم کے ہمراہ وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، معاونِ خصوصی طارق فاطمی اور چیئرمین  این ڈی ایم اے  لیفٹنٹ جنرل انعام حیدر ملک بھی ہیں۔

قبل ازیں دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف وفد کے ہمراہ 6 فروری کو ترکی میں آنے والے ہولناک زلزلے میں ترک عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے 16 اور 17 فروری کو ترکیہ میں ہوں گے۔

علاوہ ازیں وزیراعظم جنوبی ترکیہ کے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے جہاں وہ امدادی کاموں میں حصہ لینے والی پاکستانی ریسکیو ٹیموں کے ساتھ ملاقات بھی کریں گے۔