کراچی: ڈی ایم سی شرقی میں جاری پھولوں کی نمائش ‘‘سیاسی شو’’ بن گئی

1229

کراچی (رپورٹ:منیر عقیل انصاری) شہر قائد میں ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن ضلع شرقی کے زیر اہتمام جاری پھولوں کی نمائش کو ‘‘سیاسی شو’’ بنا دیا گیا۔

پھولوں کی نمائش کی اختتامی تقریب میں متحد ہ قومی موومنٹ پاکستان کے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کو پارٹی کنونیئر کی حیثیت سے بلایا گیا،جب کہ اسی یونین کمیٹی 8گلشن اقبال ٹاؤن سے منتخب ہونے والے یوسی چیئرمین اور وائس چیئرمین و کونسلرز کو نظر انداز کردیا گیا۔

اس حوالے سے جسارت نے ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن ضلع شرقی کے ایڈمنسٹریٹرسید شکیل احمد سے رابطہ کیا تو انہوں نے مؤقف اختیا ر کیا کہ ہم نے منتخب نمائندوں کو پھولوں کی نمائش میں بلایا تھا،  تاہم انہوں نے اس بات کو تسلیم کیا کہ ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن ضلع شرقی سے غلطی یہ ہوئی ہے کہ ہم نے دعوت نامے میں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کومتحدہ قومی موومنٹ کا کنونیئر لکھا ہے اور مہمان خصوصی کی حیثیت سے بلایا ہے۔

واضح رہے کے گلشن اقبال ٹاؤن کی 8 یونین کمیٹیوں میں سے 7 یونین کمیٹیوں کے چیئرمین جماعت اسلامی سے تعلق رکھتے ہیں اور اس کو نظر انداز کیا جانا خود ایک سوالیہ نشان ہے۔ سید شکیل احمد متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے حلف یافتہ کارکن ہیں جو ڈی ایم سی ضلع شرقی کے ایڈمنسٹریٹر ہیں۔